تاجکستان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، تاجک سفیر
پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف طور سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی نمائندہ تنظیم ،آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفڈریشن ( ایپنک) گلگت بلتستان چیپٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی چیئرمین محمد صدیق انظر نے کی جبکہ گلگت بلتستان چیپٹر کی چیئرپرسن مہوش ممتاز بیگ اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور میڈیا تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
سفیر جناب شریف زادہ یوسف طور نے اس موقع پر کہا کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ میں میڈیا مثبت پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ درست اور متوازن رپورٹنگ سے خطے میں ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ ملتا ہے۔
مرکزی چیئرمین محمد صدیق انظر نے وفد کی جانب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کو قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور تاجکستان کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے، مشترکہ سیمینارز اور میڈیا فورمز کے انعقاد سے معلومات کے تبادلے اور تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان علاقائی روابط کے فروغ میں میڈیا کو ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفد نے سفیر کو تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جبکہ سفیر نے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔