پاکستان سنگل ونڈو اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، طلبہ کی کاروباری مہارتوں اور تجارتی شعور کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت
پاکستان سنگل ونڈو اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے، خاص طور پر طلبہ کی کاروباری مہارتوں اور عملی تجربے کو فروغ دینا۔
پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ کی تاریخ میں 6 اسپنرز کھلانے والی پہلی ٹیم بن گئی
یہ شراکت داری تعلیمی اداروں اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی اور طلبہ کی تعلیم کو جدید ڈیجیٹل تجارتی نظام کے ذریعے بدلتے ہوئے تجارتی تقاضوں کے مطابق تیار کرے گی۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان سنگل ونڈو اور جی سی یو ایل کے انٹرپرینیورشپ پروگرام کے ذریعے طلبہ کو تجارتی طریقہ کار، ڈیجیٹل بزنس ماڈلز اور کاروباری قوانین و ضوابط کی عملی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ اس سے طلبہ یہ سمجھ سکیں گے کہ کاروباری عمل میں جدت کس طرح مقامی اور عالمی مارکیٹس میں کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
معاہدے کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو طلبہ کو تکنیکی رہنمائی، تربیت، مینٹورشپ اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا، جس کے ذریعے طلبہ درآمد و برآمد کے عمل، قانونی تقاضوں، ڈیجیٹل تجارتی حل اور پائیدار تجارت کے نئے رجحانات کے بارے میں عملی تجربہ حاصل کر سکیں گے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور طلبہ کی شرکت کو یقینی بنائے گی اور پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ مل کر ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کرے گی۔ اس میں خاص طور پر خواتین طالبات کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی پر زور دیا جائے گا تاکہ وہ تجارت اور کاروبار میں آگے بڑھ سکیں۔
پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو مستقبل کے کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ تجارت تک آسان رسائی حاصل کر سکیں اور اپنی کاروباری سرگرمیوں کو عالمی سطح تک لے جا سکیں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت طلبہ کو کلاس روم سے باہر عملی تجربہ فراہم کرے گی اور انہیں قومی تجارتی نظام کے بارے میں مؤثر علم اور مہارت دے گی، جو ان کے کاروباری سفر کو مضبوط بنائے گی۔
اس تعاون کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو ڈیجیٹل پاکستان وژن کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ نوجوان کاروباری افراد کو جدید تجارتی نظام سے جوڑا جائے اور عالمی منڈیوں میں پائیدار تجارت کے بارے میں شعور پیدا کیا جا سکے۔