اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد و امام بارگاہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور ذمہ داروں کو شناخت کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔
دہشتگردوں کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے، مساجد پر حملے کرنیوالے سفاک درندے ہیں: محسن نقوی
انتونیو گوتریس نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایک مسجد و امام بارگاہ میں گزشتہ روز جمعہ کو خودکش دھماکے میں بتیس نمازی شہید ہوئے، نماز جمعہ کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازی نشانہ بنے، بتیس میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک سو باسٹھ زخمیوں میں انتیس کی حالت نازک ہے۔ اقوام متحدہ کے علاوہ امریکا، سعودی عرب، ایران، روس، چین، ترکیہ اور افغانستان سمیت مختلف ملکوں کی جانب سے اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا شہریوں اور عبادت گاہوں پر دہشت گردی ناقابل قبول ہے، امریکا امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔