کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں نوشکی کے علاوہ تمام علاقوں اور شاہراہوں پر حالات قابو میں ہیں۔
شاہد رند نے صوبائی وزرا علیٰ مدد جتک، میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 31 جنوری کو دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنایا گیا جب کہ نوشکی میں حالات قابو کرنے میں کچھ وقت لگا۔
عمران خان کی میڈیکل رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش
انہوں نے کہا کہ حملوں میں چھتیس عام شہری اور سکیورٹی فورسز کے بائیس جوان شہید ہوئے جب کہ کوئٹہ میں سرچ اینڈ کامبنگ آپریشنز جاری ہیں، اس دوران سو سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ، آر پی جی، اینٹی ائیر کرافٹ گنز برآمد کر لی گئی ہیں، تھانوں پر حملے کرنے والے افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ نوشکی جیل کی حالت خطرے سے باہر ہے، بلوچستان کے دو جیلوں پر حملے ہوئے ہیں، جیلوں سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں نوشکی کے علاوہ تمام علاقوں اور شاہراہوں پر حالات قابو میں ہیں، پولیو مہم جاری ہے جب کہ آٹھویں اور میٹرک کے امتحانات بھی معمول کے مطابق ہوں گے۔