پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج واشنگٹن میں انتہائی اہم نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شرکت کریں گے، تقریب سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطاب کریں گے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دعائیہ ناشتے پر پھر سے جمع ہونا بہت عمدہ عمل ہے، ہم سب کو خدا پر بھروسہ ہے۔
بلاول بھٹو نے پچھلے برس بھی نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شرکت کی تھی اور ان کی والدہ و سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی اس ایونٹ میں باقاعدگی سے شرکت کرتی رہی ہیں۔
بھارتی جارحیت کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑسکی،کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھےگا: فیلڈ مارشل
ہر فروری کی پہلی جمعرات کو منعقد کیا جانے والا یہ ایونٹ محبت اور مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے مل کر دعا کرنے کا موقع ہوتا ہے۔
تیس برس سے اس ایونٹ کا انعقاد واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل کے انٹرنیشنل بال روم میں کیا جا رہا ہے۔ مرکزی تقریب میں صدر امریکا اور ایک اور انتہائی اعلیٰ پایہ کی شخصیت کا خطاب ہوتا ہے جس کا اعلان صبح ہی کو کیا جاتا ہے۔
برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر، البانوی انڈین راہبہ مدر ٹریسا اور یوٹو بینڈ کے مرکزی گلوکار بونو بھی اس دعائیہ ناشتے سے مرکزی خطاب کر چکے ہیں۔
نیشنل پریئر بریک فاسٹ کا اہتمام امریکی کانگریس کے شریک چیئرپرسنز کی قیادت میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ فاؤنڈیشن کرتی ہے۔
اس سال منعقد اس دعائیہ ناشتے کے اعزازی شریک چیئرپرسنز سینیٹر کرسٹین گیلی برینڈ اور سینیٹر راجر مارشل ہیں۔
نیشنل پریئر بریک فاسٹ فاؤنڈیشن انیس سو تریپن میں قائم کی گئی تھی جب صدر آئزن ہاور نے مل کر ناشتہ کرنے سے متعلق اراکین کانگریس کی دعوت قبول کی تھی۔
اس وقت سے ریپبلکن ہوں یا ڈیموکریٹک شخصیات ہر صدر اس ناشتے میں شرکت کرتا رہا ہے۔ تقریب میں ہر مذہب کے ماننے والوں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
ابتدا میں اس ایونٹ میں صرف چار سو مہمانوں نے شرکت کی تھی مگر اب ہر سال تقریباً ساڑھے تین ہزار مہمان شرکت کرتے ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق سیاست، معاشرے میں اہم کردار یا کاروبار سے ہوتا ہے۔
یہ ایونٹ دو روز جاری رہتا ہے جس میں سو سے زائد ملکوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو ملاقاتوں اور فورمز سے خطاب کا موقع ملتا ہے۔ اس میں یہ رہنما نہ صرف ناشتے بلکہ ظہرانے اور عشائیہ میں بھی شریک ہوتے ہیں۔
تقریب میں شرکت جاری کردہ دعوت کے ذریعے ہوتی ہے تاہم اراکین کانگریس کی مدد سے دعوت نامہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔