ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے دوران پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کے مطابق مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
احتجاج کرنے والے اپنا کام کریں لیکن عوام کو تکلیف نہ دیں، مراد علی شاہ
وہاڑی ضلع میں 6 لاکھ 41 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے دیے جائیں گے۔ مہم میں حصہ لینے کے لیے 4352 موبائل، 109 فکسڈ اور 178 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھروں، سکولوں، ہسپتالوں اور بس اسٹینڈز پر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
ڈیرہ غازی خان میں بھی مہم کے دوران آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ پانچ فروری تک جاری رہنے والی مہم میں آٹھ لاکھ دس ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حافظ آباد میں مہم کے دوران 2 لاکھ 40 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے دیے جائیں گے، اور سکھر کی پانچ تحصیلوں میں بھی چار روزہ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
محکمہ ہیلتھ کے مطابق ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر تین لاکھ پچیس ہزار آٹھ سو انسٹھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ نوشہروفیروز میں چار روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں تین لاکھ بیالیس ہزار تین سو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے دیے جا رہے ہیں۔ کندھ کوٹ میں بھی ضلع بھر کے سینتیس یونین کونسلز میں تین لاکھ پندرہ ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے دیے جائیں گے، جس کے لیے آٹھ سو پندرہ موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔