اسلام آباد: فارن فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے نئی مشکل پیدا ہو گئی ہے۔
بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے 2 دن کی مہلت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
خیبرپختونخوا حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے، وزیراعظم
سماعت کے دوران جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک کیا کر رہے ہیں اور چالان مکمل کیوں نہیں ہوا۔ اس پر اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں متعلقہ ملک سے رائے حاصل کرنے کے لیے خطوط لکھے گئے ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ 2022 سے چل رہا ہے اور اس میں ابھی تک دلچسپی نہیں لی گئی۔
عدالت نے کہا کہ وہ تفتیشی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرنے کا حکم دے رہی ہے۔ اس پر اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے استدعا کی کہ عدالت ایک ہفتے یا 10 دن کا وقت دے تاکہ چالان مکمل کیا جا سکے اور شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا حکم فی الحال نہ دیا جائے۔
جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں اور پراسیکیوٹر کو ہدایت دی کہ 2 دن میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔