وزیراعظم شہباز شریف کا ایکسپورٹرز اور صنعتوں کے لیے بڑے پیکج کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف کا ایکسپورٹرز اور صنعتوں کے لیے بڑے پیکج کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں صنعتوں اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایک جامع پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد معاشی استحکام، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اعلان کے مطابق حکومت کی پالیسی کا محور صنعت اور برآمدات کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ہے تاکہ پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
میرے پاس الفاظ نہیں کہ بتا سکوں وزیراعلیٰ بھاٹی واقعے پرکتنی غمزدہ تھیں: عظمیٰ بخاری
حکومتی فیصلوں کے تحت صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 4 پیسے کمی کر دی گئی ہے، جس سے پیداواری لاگت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ صنعتوں کے لیے ویلنگ چارجز 9 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں تاکہ بجلی کے استعمال میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایکسپورٹرز کے لیے بینک فنانسنگ کی شرحِ منافع بھی کم کر دی گئی ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق شرحِ سود کو ساڑھے 7 فیصد سے کم کر کے تقریباً ساڑھے 4 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے برآمد کنندگان کو کاروبار بڑھانے اور نئی سرمایہ کاری میں سہولت ملے گی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اچھی کارکردگی دکھانے والے ایکسپورٹرز اور صنعتکاروں کو ایوارڈز بھی دیے اور دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا، جس سے انہیں بیرونِ ملک کاروباری سرگرمیوں اور سفری سہولیات میں آسانی حاصل ہوگی۔
حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر معاشی بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور اب توجہ برآمدات، صنعت اور پائیدار ترقی پر مرکوز کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیکج صنعتی شعبے، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور معیشت کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔