وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈ میپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں جن سے یومیہ 4 ہزار 100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ملک میں تیل و گیس کے دیگر نئے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ملک میں انٹرنیٹ سروس پھر ڈاؤن؛ وجہ بھی سامنے آگئی
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کے لیے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حکومت نے ہدف مقرر کیا ہے کہ جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار آر ایل این جی کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تیل و گیس کی سپلائی چین کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے سمگلنگ کی روک تھام ممکن ہو سکے گی جس سے قومی خزانے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش اور دریافت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔