پی آئی اے نے مانچسٹر کے بعد اب اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی اور یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔ ترجمان قومی ائیرلائن کا کہنا ہے کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز 29 مارچ سے روانہ ہوگی۔
38لاکھ روپے مسافر کو واپس، وزیر ریلوے کا پولیس کانسٹیل کیلیے بڑا اعلان
قومی ائیرلائن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پرواز 6 سال کے طویل وقفے کے بعد روانہ کی جا رہی ہے، جبکہ لندن پی آئی اے کا سب سے پہلا بین الاقوامی اور انتہائی پرکشش روٹ رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں کامیابی سے آپریٹ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ کرنے کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد پہلی پرواز مانچسٹر پہنچی تھی۔ اب اس سلسلے کو وسعت دیتے ہوئے لندن کے لیے بھی فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے۔