ڈگری کیس: جسٹس جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ آئینی عدالت میں چیلنج کردیا
ڈگری کیس: جسٹس جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ آئینی عدالت میں چیلنج کردیا
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری تنازع کے مقدمے میں اپنے خلاف ہائیکورٹ کی کارروائی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے نو دسمبر کے دو رکنی بینچ کے حکم نامے کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ انہوں نے وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر رٹ پٹیشن کو خارج کیا جائے۔
سمندر پار پاکستانیوں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، وزیراعظم نے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی
دوسری جانب جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارروائی کو چیلنج کرنے کے لیے تین سینئر وکلاء پر مشتمل ایک قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق جہانگیری کے مقدمے کی پیروی کریں گے، جبکہ عزیر بھنڈاری وفاقی آئینی عدالت میں جسٹس جہانگیری کی طرف سے کیس کی پیروی کریں گے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی بینچ سے الگ ہونے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے ڈگری کے مقدمے کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ فل کورٹ میں چیف جسٹس سمیت دیگر منتقل کردہ ججز کو شامل نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ، جسٹس طارق جہانگیری نے اپنی درخواست میں جواب جمع کروانے کے لیے وقت دینے کی استدعا بھی کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں مقدمے کے فیصلے تک سماعت ملتوی کی جائے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے موقع پر، جسٹس طارق جہانگیری نے بینچ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔