اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ آج بھی کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کر رہا ہے۔
یومِ شہدائے جموں کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کا سانحہ برصغیر کی تاریخ کے بدترین قتل عام میں شمار ہوتا ہے، جب ڈوگرہ فوج، آر ایس ایس اور مسلح جتھوں نے جموں میں دو لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا اور پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کو ہجرت پر مجبور کر دیا۔
رواں برس سندھ میں ڈینگی سے ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئی
صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری نے اس نسل کشی پر وہ توجہ نہیں دی جس کی یہ مظلوم لوگ مستحق تھے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اب بھی حل طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی بھارت کے خطرناک آبادیاتی منصوبے کا حصہ ہے جو جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر خاموشی ترک کرے۔
صدر زرداری نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جدوجہدِ آزادی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔