ایف بی آر کا اعلان: ٹیکس دہندگان کی حیثیت 2024 کے گوشواروں کی بنیاد پر طے ہوگی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان (Active Taxpayers List) کی فہرست ٹیکس سال 2024 میں جمع کرائے گئے گوشواروں کی بنیاد پر تیار کی جائے گی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو “غیر فعال” قرار دینے سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ ادارے کے مطابق، جن ٹیکس دہندگان نے مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواست جمع کرائی ہے، انہیں فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے خارج نہیں کیا گیا۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق، 15 نومبر 2025 تک ٹیکس سال 2025 کے تمام نئے فائلرز کو بھی ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کی ہدایات پر سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست دینے والے ٹیکس دہندگان کو 15 دن کی اضافی مہلت دے دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ انکم ٹیکس قواعد میں حالیہ ترامیم کے بعد اب گوشواروں کو دستی طور پر جمع کرانے کا عمل ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال دستی طور پر گوشوارے جمع کرانے والے افراد کو ای-فائلنگ کے لیے ایک ماہ کی خصوصی مہلت دی جا رہی ہے۔
ادارے کے مطابق، ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے ٹیکس دہندگان کو مکمل معاونت فراہم کریں تاکہ وہ ای-فائلنگ کے نظام میں باآسانی منتقلی کر سکیں۔
ایف بی آر نے وضاحت کی کہ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ٹیکس دہندگان اب بھی 15 نومبر 2025 تک آن لائن سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔