لاہور کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام منصوبے پر عمل درآمد تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث 130 ارب روپے متاثرین کی بحالی پر خرچ کیے جا رہے ہیں، اس لیے ٹرام منصوبہ فی الحال شروع نہیں کیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں وزیراعلیٰ سے منصوبے سے متعلق نئی تجاویز کی منظوری لی جائے گی، جن میں تین اضافی تجاویز بھی شامل ہوں گی۔ منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ آئندہ چند ماہ میں متوقع ہے، جب کہ اسے مکمل ہونے میں ایک سے ڈیڑھ سال کا وقت لگے گا۔
پولیس کے لبرٹی خدمت مرکز میں رشوت لے کر لائسنس بنانے کا انکشاف
بلال اکبر خان کے مطابق منصوبے کے تحت آئندہ سال فروری میں ٹرام سروس شروع ہونا تھی، تاہم اب یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2009 میں لاہور میں چار میٹرو لائنز کی ضرورت تھی، مگر حالیہ ٹرانسپورٹ اسٹڈی کے مطابق اب شہر میں چھ میٹرو لائنز کی ضرورت ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ حکومت اپنے دور میں لاہور میں ایک سے دو نئی میٹرو لائنز کا اضافہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے 25 کروڑ ڈالر لاگت سے مزید 400 بسیں شامل کی جائیں گی، جب کہ شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں 800 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ بھی شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔