کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے پہلے ہی دن ٹریفک پولیس نے صرف چھ گھنٹوں میں 2 ہزار 662 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں، جن پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق سب سے زیادہ 1 ہزار 535 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جبکہ 507 موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانے کا شکار ہوئے۔
مریم نواز کا پنجاب کے 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کیلئے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ
اعداد و شمار کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر 419، ریڈ سگنل توڑنے پر 166، موبائل فون کے استعمال پر 32 اور ٹنٹڈ گلاس والی گاڑیوں پر 7 ای چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 3، غلط پارکنگ پر 5، غیر قانونی پارکنگ پر 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر 5، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 اور اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4 چالان کیے گئے۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے افتتاح کے بعد بھی اس میں تکنیکی بہتری کا عمل جاری ہے تاکہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ سسٹم جدید کیمروں اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی ٹیکنالوجی کے ذریعے خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی کرتا ہے، جس کے بعد چالان براہِ راست گاڑی کے رجسٹرڈ پتے پر ارسال کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے اس نئے نظام پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چھ گھنٹوں کے اندر ہزاروں چالان جاری کیے گئے جس سے موٹر سائیکل سوار خاص طور پر پریشان ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی فوری پکڑ سکتے ہیں تو پھر چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے میں یہی ٹیکنالوجی مؤثر انداز میں کیوں استعمال نہیں کی جاتی۔