پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مستعفی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور سے اپنے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہو گئے۔
روانگی سے قبل علی امین گنڈاپور نے پارٹی کارکنوں اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی، جس کے بعد وہ اپنے ذاتی عملے کے ہمراہ ڈی آئی خان کے لیے روانہ ہوئے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے دو روز قبل وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد تحریک انصاف کی قیادت نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا تھا۔
علی امین گنڈاپور نے استعفے کے موقع پر کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ بانی پی ٹی آئی کی امانت تھا، اور وہ ان کے حکم کے مطابق یہ عہدہ واپس کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اگر دوبارہ وزیراعلیٰ بننے کی پیشکش بھی کریں تو وہ قبول نہیں کریں گے۔