گلگت میں عالمی یومِ بصارت کی مناسبت سے تقریب، بینائی سے محروم افراد کے مسائل اجاگر

0

گلگت. بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے شہید سیف الرحمن اسپتال گلگت میں سائیٹ سیور این جی او کے تعاون سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء، ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹرز اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی صدارت ایم ایس شہید سیف الرحمن اسپتال ڈاکٹر افضل سراج نے کی، جبکہ وزیر برائے سوشل ویلفیئر، پاپولیشن و ویمن ڈویلپمنٹ، ہیومن و چائلڈ رائٹس دلشاد بانو مہمانِ خصوصی تھیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد اسپتال کے ماہرین نے اپنی تقاریر میں بصارت سے محروم افراد کو درپیش مسائل، اُن کی بحالی کے لیے حکومتی و سماجی سطح پر اقدامات، اور عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقع پر دلشاد بانو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد معاشرے کا ایک اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں۔ حکومتِ گلگت بلتستان ان کی فلاح و بہبود کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم، تربیت اور صحت کے میدان میں خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں ۔ایم ایس ڈاکٹر افضل سراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید سیف الرحمن اسپتال میں آنکھوں کے امراض کے علاج کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کے لیے باقاعدہ خصوصی کیمپ کا اہتمام کیا جاتا ہے، تاکہ بصارت کی حفاظت اور احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر ہو۔تقریب کے اختتام پر دیگر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز نے بصارت سے محروم افراد کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے ہر فرد کو برابری، عزت اور سہولیات کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.