اسلام آباد:جاپان کی حکومت نے گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس (جی جی پی) گرانٹ اسسٹنس پروگرام کے تحت دو پاکستانی این جی اوز کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک لاکھ 13 ہزار 335 ڈالر (تقریباً 32 ملین روپے) کی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق، جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی اور دونوں این جی اوز کے نمائندوں کے درمیان امدادی معاہدوں پر اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے کے تحت *اکٹیڈ* کو 61,200 ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی، جس سے خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں شمسی توانائی سے چلنے والا واٹر سپلائی سسٹم بحال کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے گاؤں آشا خیل کے تقریباً 1,470 افراد کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔
دوسری این جی او *کے کے او* کو 52,135 ڈالر کی گرانٹ دی جائے گی تاکہ ضلع راولپنڈی کے علاقے مسکین آباد میں پرائمری اسکول تعمیر کیا جا سکے، جو ہر سال 300 طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے مقامی کمیونٹیز کے تعاون سے نچلی سطح پر عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ایک خوشحال ملک کی بنیاد ہے اور نوجوان بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاپان بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان میں اپنی امدادی کوششیں جاری رکھے گا۔