روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے کیوں ہٹایا گیا؟ چیف سلیکٹر نے وجہ بتادی

0

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورے کے لیے ون ڈے ٹیم کی قیادت روہت شرما سے لے کر شبمن گل کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

 

شبمن گل، جو پہلے ہی بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، اب ون ڈے ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دوسری جانب، روہت شرما اور ویرات کوہلی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد اسکواڈ میں شامل ہیں اور وہ نوجوان کپتان شبمن گل کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

 

چیف سلیکٹر اجیت آگرکر نے کہا کہ موجودہ منصوبہ بندی کے تحت تینوں فارمیٹس کے لیے الگ کپتان مقرر کرنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق، "فی الحال ہماری توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے، جبکہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی شروع کی جا رہی ہے تاکہ نئے کپتان کو قیادت کے لیے مناسب وقت مل سکے۔”

 

روہت شرما کو قیادت سے ہٹانے کے فیصلے پر آگرکر نے کہا کہ "روہت کی قیادت میں ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، اس کے باوجود یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔ اگر بھارت یہ ٹرافی نہ بھی جیتتا، تب بھی یہ ایک مشکل فیصلہ ہوتا۔”

 

انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ٹیم کے مستقبل کے لیے کیا بہتر ہے، اسی لیے ایک نئے کپتان کو وقت پر ذمہ داری دینا ضروری تھا۔” انہوں نے تصدیق کی کہ شبمن گل اور روہت شرما ون ڈے میچوں میں اوپننگ جوڑی کے طور پر کھیلتے رہیں گے۔

 

دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو خدشہ تھا کہ اگر روہت شرما قیادت برقرار رکھتے تو وہ اپنی "فلسفیانہ قیادت” کے انداز میں ٹیم کو چلاتے، جس سے ٹیم کلچر متاثر ہو سکتا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ روہت جیسے سینئر کھلاڑی قیادت کے دوران ڈریسنگ روم کے ماحول پر اپنا مضبوط اثر رکھتے ہیں، جو طویل مدت میں ٹیم کے توازن کے لیے چیلنج بن سکتا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.