سیاست میں نرمی گرمی چلتی رہتی ہے، کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے تھی، اعظم نذیر تارڑ

0

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن زیادہ خوش نہ ہو، حکومت اپنے اتحادیوں کو منانے اور واپس لانے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں گرمی سردی معمول کی بات ہے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے بھرپور محنت کے ساتھ سیلابی صورتحال کا مقابلہ کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی نرمی تو کبھی گرمی چلتی رہتی ہے، اس وقت موسم کچھ گرم ہے مگر سردی آنے والی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اگر کسی کے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو انہیں بطور سیاسی کارکن اس پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری ایک بزرگ سیاستدان ہیں، وہ صلح جو کردار ادا کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن خوش نہ ہو، ہم اپنے دوستوں کو منانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر مملکت نے اپنا آئینی کردار ادا کیا ہے اور کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی تقسیم ہمیشہ انڈس ریور معاہدے کے تحت ہی ہوگی۔

دوسری جانب، پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ ملک اس وقت سیلاب اور قدرتی آفات کا سامنا کر رہا ہے، سندھ اور پنجاب کے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کرنا چاہیے، کیونکہ پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان بیان بازی سے وفاقی حکومت پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔

شیری رحمٰن نے الزام لگایا کہ پنجاب کارڈ کھیل کر ریڈ لائن کراس کی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کے بارے میں نامناسب گفتگو کی گئی، حالانکہ پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کی نمائندگی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے صرف یہ تجویز دی تھی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تذلیل سے حکومتی اتحاد نہیں چل سکتے، معافی مانگنے سے کسی کی عزت میں کمی نہیں آتی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کلائمیٹ جسٹس کی حامی رہی ہے اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.