پاکستان اور یو اے ای کا ریلوے کی جدیدکاری پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے ریلوے کی جدید کاری، علاقائی رابطے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

پی آئی ڈی کے مطابق وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ابوظہبی میں یو اے ای کے وزیر برائے توانائی و انفراسٹرکچر سہیل محمد المزروعی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں وزراء نے ریلوے نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن، تجارت کے فروغ اور ماحولیاتی طور پر دوستانہ ٹرانسپورٹ کے حل پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات گلوبل ریل انفرا اسٹرکچر کانفرنس و نمائش کے دوران ہوئی، جو 30 ستمبر سے 2 اکتوبر تک منعقد ہوئی اور جس میں دنیا بھر سے وزرائے ٹرانسپورٹ، پالیسی ساز اور صنعت کے رہنما شریک ہوئے۔

بلال اظہر کیانی نے کانفرنس کے ایک اعلیٰ سطحی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر پائیدار اقتصادی خوشحالی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مضبوط رابطہ کاری نئے ترقیاتی مواقع پیدا کرتی ہے، روزگار کے مواقع میں اضافہ کرتی ہے اور خطے میں انضمام کو فروغ دیتی ہے۔

وزیر مملکت نے پاکستان کی انفراسٹرکچر کامیابیوں کا ذکر کیا، بالخصوص موٹرویز کے وسیع نیٹ ورک کی تعمیر جس سے صوبائی رابطہ اور سامان کی ترسیل بہتر ہوئی۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کے لیے اپنے وژن کا خاکہ بھی پیش کیا جس کا مقصد اسے مؤثر، قابلِ اعتماد اور ماحول دوست قومی ٹرانسپورٹ کی ریڑھ کی ہڈی بنانا ہے۔

انہوں نے بالخصوص ایم ایل-1 اور ایم ایل-3 ریلوے کاریڈورز کی اپ گریڈیشن پر زور دیا، جو علاقائی تجارت اور رابطہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.