ایشیاکپ کی تاریخ میں پہلی بار بھارت اور پاکستان کل 28 ستمبر کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
یو اے ای میں ہونے والے ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا سامنا 2 بار ہوا ہے اور دونوں بار ہی بھارت فاتح رہا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مجموعی طور پر بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2007 سے لےکر اب تک صرف 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلےگئے ہیں جن میں سے 12 بار بھارت فاتح رہا ہے جب کہ 3 میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔
اتوار کو ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل سے قبل مذکورہ بالا ریکارڈ کو ہی دیکھتے ہوئے کرکٹ تجزیہ کار بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں تاہم یہ بات ذہن نشین رہےکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کثیرملکی ایونٹس کے فائنلز میں پاکستان کو برتری حاصل ہے۔روایتی حریف 2017 کے بعد پہلی مرتبہ کسی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
بھارت اور پاکستان نے 1985 کے بعد سے اب تک مختلف فارمیٹس کے 5 کثیر ملکی ٹورنامنٹ فائنلز میں ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے، جن میں سے 3 فائنل پاکستان نے جیتے ہیں جب کہ 2 میں بھارت فاتح رہا ہے۔
دونوں ٹیموں کا فائنل میں سامنا پہلی بار 1985 میں آسٹریلیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں ہوا تھا جس میں بھارت کو 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
اگلے سال 1986 میں شارجہ میں کھیلےگئے آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں آخری گیند پر جاوید میانداد کے مشہور چھکےکی بدولت پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کا سامنا 1994 میں ایک بار پھر شارجہ میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، اس بار بھی فتح پاکستان کے حصے میں آئی اور بھارت کو 39 رنز سے شکست ہوئی۔
2007 میں جوہانسبرگ میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت نے دلچسپ مقابلےکے بعد پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔
دونوں روایتی حریفوں کا آخری ٹاکرا کسی کثیر ملکی فائنل میں2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہوا تھا، لندن کے دی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔
تو 5 کثیر ملکی ٹورنامنٹ فائنلز میں سے 3 فائنل پاکستان نے جیتے ہیں جب کہ 2 میں بھارت فاتح رہا ہے۔
اس کے علاوہ بھی دونوں ٹیموں کے درمیان مزید 3 سہ ملکی سیریز کے فائنل ہوئے ہیں جن میں سے 2 میں پاکستان کو فتح ملی اور ایک میں بھارت فاتح رہا۔