لگژری لائف اسٹائل اور گوشواروں کے فرق والے ٹیکس دینے کی تیاری کرلیں: فیصل واوڈا
سینیٹر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگژری طرزِ زندگی اور انکم ٹیکس گوشواروں میں واضح فرق رکھنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع ہونے والا ہے، اور ایسے افراد ٹیکس دینے کی تیاری کر لیں۔ ان کے مطابق اگر رواں سال جمع کرائے گئے گوشواروں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کم از کم پندرہ فیصد اضافہ دکھایا گیا تو پچھلے سالوں کے گوشوارے نظرانداز کیے جا سکتے ہیں، ورنہ تمام پرانے ریکارڈز کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیس فیصد ادائیگی کرنے پر بھی رعایت نہیں ملے گی، اور ایسی تمام فہرستیں تیار ہو چکی ہیں جن میں لوگوں کے مہنگے طرزِ زندگی اور کم ٹیکس ادائیگی کا فرق واضح ہے۔ فیصل واوڈا نے مزید بتایا کہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا، اور ان کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی، جبکہ ایف بی آر ان معاملات پر مکمل کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغام سب کے لیے ہے، اور بعد میں کوئی یہ نہ کہے کہ پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔