خیبر کی وادی تیراہ میں خوارج کے ٹھکانے پر دھماکہ، 14 ہلاک ، شہری بھی متاثر

0

خیبر کے علاقے وادی تیراہ، مترے درہ میں خوارج کے ایک گھر میں چھپایا گیا بھاری بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب بارودی مواد ایک کچے مکان میں موجود تھا۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کئی کچے مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، جن میں متعدد افراد دب گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں 14 خوارج موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ اردگرد کے گھروں میں موجود 10 خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق یہ کمپاؤنڈ خارجی کمانڈرز امان گل اور مسعود خان کی زیر نگرانی بطور بم فیکٹری استعمال ہو رہا تھا، جہاں حالیہ دنوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ خوارج شورش زدہ علاقوں میں نہ صرف بم بنانے کی فیکٹریاں چلا رہے ہیں بلکہ عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ مختلف اضلاع کی مساجد میں بھی اسلحہ چھپایا گیا ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز خیبر، باجوڑ اور دیگر قبائلی علاقوں میں خوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

جہاں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ جیسے Associated Press (AP)، عرب نیوز اور DW اس واقعے کو درست سیاق و سباق کے ساتھ رپورٹ کر رہے ہیں، وہیں بھارتی میڈیا ایک بار پھر حقائق کو مسخ کر کے پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہے۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارتی میڈیا کی تقلید میں کچھ ریاست مخالف سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی گمراہ کن بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں، جو نہ صرف گمراہی پھیلا رہے ہیں بلکہ ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.