طلباء کے موبائل فون کے استعمال پرپابندی کی قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں کہا گیا کہ موبائل اور سوشل میڈیا سے بچوں کی ذہنی و اخلاقی اقدار متاثر ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی نے طلباء کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی کی قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد حکومتی رکن راحیلہ خادم حسین نے ایوان میں پیش کی، جسے کثرتِ رائے سے منظور کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی درست تربیت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ موبائل فون اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال سے بچوں کی ذہنی و اخلاقی اقدار بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
متن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پرائیویٹ اور پبلک اسکولوں میں طلباء کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی جائے اور بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق مؤثر قانون سازی کی جائے۔
ایوان کو بتایا گیا کہ اس قرارداد پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر پارلیمانی امور خالد محمود رانجھا نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس اہم سماجی مسئلے کے حل کے لیے عملی لائحہ عمل تیار کرے گی۔