چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں: وفاقی وزیر نے صورتحال کنٹرول نہ کرنے کی غلطی تسلیم کرلی

0

 وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ  نے اعتراف کیا ہے کہ چینی کی برآمد، درآمد اور بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حکومت صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا کہ جب چینی ایکسپورٹ کرنے کی بات ہوئی تو کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے اور قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھیں گی، کچھ عرصہ تو قیمتیں ٹھیک رہیں لیکن اچانک اضافہ کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن اداروں نے اسٹاک کی موجودگی کی رپورٹ دی تھی، ان کے خلاف انکوائری ہونی چاہیے کہ حقیقت میں اتنا اسٹاک موجود تھا یا نہیں، اور اگر تھا تو وہ چینی کہاں گئی۔

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی بھی تحقیقات ضروری ہیں کیونکہ چینی عام آدمی کے استعمال کی بنیادی ضرورت ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم خود محتاط تھے لیکن اس کے باوجود حکومت معاملہ کنٹرول نہ کرسکی۔ “میں کابینہ کا حصہ ہوں لیکن ہمیں کہیں نہ کہیں اپنی غلطی تسلیم کرنی ہوگی،”

انہوں نے مزید کہا کہ اب چینی کی درآمد ہو رہی ہے تو یہاں کا کسان پریشان ہے کیونکہ گنے کا سیزن قریب ہے اور خدشہ ہے کہ ملز والے کسانوں کو کم قیمت دیں گے۔

وزیر نے واضح کیا کہ بریفنگ وزارتِ فوڈ سیکیورٹی نے دی اور فیصلہ ای سی سی نے منظور کیا، جس کی سربراہی وزیر خزانہ کرتے ہیں جبکہ ایک اور کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی وزیراعظم ہیں۔

انٹرویو کے دوران قیصر احمد شیخ نے بانی پی ٹی آئی پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ملک کے اہم سیاستدان ہیں لیکن بظاہر پس منظر میں نظر آ رہے ہیں۔ “انہیں انا سے باہر آنا چاہیے کیونکہ سیاست صرف ضد بازیوں سے نہیں چلتی بلکہ اس میں مصالحت کا جذبہ ہونا ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.