پاکستان اور چین کے درمیان جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تعاون پر 9 بڑے معاہدے
چین میں منعقد دوسری پاک چین بی ٹو بی کانفرنس کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 9 بڑے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور چین کے درمیان کئے گئے ان معاہدوں میں حکومتی تعاون، فائبرائزیشن، ڈیجیٹل تعاون، نوجوانوں کی تربیت اور جدید ڈیٹا سینٹرز کا قیام شامل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
9 بڑے متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے تحت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام اور چین کی وزارت MIIT نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں حکومتی سطح پر تعاون، ہواوے ٹیکنالوجیز اور این ٹی سی پاکستان کے درمیان فائبرائزیشن اور حکومتی کنیکٹیویٹی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے معاہدہ پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس اور Ignite نے صلاحیت سازی اور تعاون کے منصوبوں پر دستخط کئے، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون، جبکہ ZTE کے ساتھ نوجوانوں کی تربیت اور اسکل ڈویلپمنٹ کے لیے شراکت داری کی۔
مزید برآں وزارت آئی ٹی نے چین سب میرین کیبل کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ کنیکٹیویٹی پر تعاون اور گوڈونگ گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کئے۔
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور شنگھائی لنگانگ انٹرنیشنل ڈیٹا انڈسٹری انسٹیٹیوٹ نے ڈیجیٹل انڈسٹری میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، جبکہ ZTE اور SKY47 نے پاکستان میں جدید ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے بھی معاہدہ کیا۔
حکام کے مطابق یہ معاہدے پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے، جو سرمایہ کاری، جدت اور انسانی وسائل کی ترقی کی راہیں کھولیں گے۔
