عالمی بینک نے پاکستان کو چار کروڑ چون لاکھ نوے ہزار ڈالر کی گرانٹ دی ہے جو پنجاب میں تعلیم کو بہتر بنانے اور اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم میں شامل کرنے کے لیے استعمال ہوگی۔ اس رقم سے چالیس لاکھ سے زائد بچے فائدہ اٹھائیں گے جن میں پری پرائمری اور پرائمری طلبہ شامل ہیں۔ منصوبے کا مقصد بچوں کی ابتدائی تعلیم تک رسائی بڑھانا، اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ شامل کرنا اور معذور بچوں کے لیے تعلیم کو مضبوط کرنا ہے۔ اس کے تحت اسی ہزار اسکول سے باہر بچے اور ایک لاکھ چالیس ہزار خصوصی بچوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جبکہ تیس لاکھ سے زیادہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ اور آٹھ لاکھ پچاس ہزار غیر رسمی تعلیمی اداروں کے بچے بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ اساتذہ اور اسکولوں کے رہنماؤں کو تربیت دی جائے گی تاکہ تعلیمی معیار بہتر ہو۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پنجاب میں تعلیمی نظام کی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے اہم قدم ہے جو حکومت پنجاب کے تعلیمی ایجنڈے سے میل کھاتا ہے۔