ملک بھر میں چہلم امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

0

ملک بھر میں حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چہلم کی تقاریب روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، جہاں نوحہ خوانی اور ماتم کے ذریعے شہداء کربلا کی یاد تازہ کی جائے گی۔

کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس آج دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ جلوس کے روٹ پر واقع مارکیٹوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانچ کے بعد سیل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی میں چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

لاہور میں چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ پنجاب بھر میں چہلم کے موقع پر 382 جلوسوں اور مجالس کے لیے 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں، جہاں 40 مجالس اور 12 عزاداری جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ 12 ایس پیز کی نگرانی میں 400 سے زائد افسران بھی تعینات ہیں۔

پشاور میں بھی چہلم امام حسین کے موقع پر دو ذوالجناح جلوس نکالے جائیں گے۔ پہلا جلوس سہ پہر 3 بجے امام بارگاہ آخوندآباد سے اور دوسرا جامع مسجد کوچہ رسالدار سے برآمد ہوگا، جبکہ امام بارگاہ علمدار کربلا میں دوپہر 12 بجے مجلس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جلوس مقررہ راستوں سے گزر کر اپنی امام بارگاہوں پر اختتام پذیر ہوں گے۔

ملک بھر میں چہلم کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.