امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجیدبریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا

0

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے تازہ بیان میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بی ایل اے کو 2019 سے عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس تنظیم نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر پورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ اور 31 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ اس ٹرین ہائی جیکنگ میں 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کا عزم بدستور قائم ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے قتل کی کوئی توجیہ پیش نہیں کی جا سکتی، اور بی ایل اے طویل عرصے سے بے گناہوں کا خون بہا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لسانی یا حقوق کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ دہشت گردی ایک ناقابل معافی جرم ہے اور دنیا کو اس کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.