معرکہ حق کے بعد فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی باز گشت پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح موقف

0

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے سے متعلق افواہوں اور بھارتی جارحیت کے خدشات پر پاک فوج نے واضح اور دوٹوک موقف دے دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی جریدے "دی اکانومسٹ” کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد سامنے آنے والے سیاسی تجزیے بھی غیر حقیقی اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔

بھارتی ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان اس بار ردعمل کے طور پر مشرقی جانب سے کارروائی کا آغاز کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شروعات بھارت کے اندر گہرائی تک حملے سے ہوگی، اور بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ بھی ہر مقام پر نشانہ بن سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں، اور دشمن کو ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.