آن لائن آرڈر پر نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت آن لائن خرید و فروخت پر نیا سیلز ٹیکس نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
نئے قانون کے مطابق، تمام ڈیجیٹل اور آن لائن آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازمی ہوگی۔ یہ کٹوتی آن لائن مارکیٹ پلیسز، کوریئر سروسز اور ادائیگی فراہم کرنے والے ایجنٹس کے ذریعے کی جائے گی، جو سیلز ٹیکس کاٹنے اور جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
ایف بی آر نے اس ضمن میں سیلز ٹیکس رولز میں ایک نیا باب شامل کیا ہے، جس کے تحت کیش آن ڈیلیوری پر بھی سیلز ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی نئے فارمز ایس ٹی آر 34، ایس ٹی آر 35 اور ایس ٹی آر 36 متعارف کروائے گئے ہیں۔
قواعد کے مطابق:
- ایس ٹی آر 35 فارم ہر ماہ کی 10 تاریخ تک لازمی جمع کروانا ہوگا۔
- کوریئر سروسز کو ہر ماہ ایس ٹی آر 36 فارم ایف بی آر کو جمع کروانا ہوگا۔
- آن لائن مارکیٹ پلیسز کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے تمام آرڈرز کی رپورٹ دینا ہوگی، جس میں ہر سپلائر کا مکمل ڈیٹا شامل ہوگا۔
- اگر کوئی مارکیٹ پلیس خود بھی کوریئر سروس فراہم کرتی ہے، تو اسے ایس ٹی آر 36 فارم بھی جمع کروانا ہوگا۔
مزید برآں، ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ کوریئرز اور پیمنٹ ایجنٹس اس کٹے گئے سیلز ٹیکس کے حوالے سے وینڈر کو ایک سرٹیفکیٹ جاری کریں گے، جس میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل اور کٹا گیا ٹیکس درج ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق، آن لائن کاروبار پر سیلز ٹیکس کے دائرہ کار میں وسعت دینا ٹیکس نیٹ کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم اور مثبت اقدام ہے۔