عمران خان سیاست میں آنے سے پہلے چندے کیلئے میرے پاس آتے تھے: اسحاق ڈار

0

امریکا کے دورے پر موجود وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی تھنک ٹینک "اٹلانٹک کونسل” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 2014 میں 120 دن کا دھرنا دیا، جس سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان سیاست میں آنے سے پہلے چندے کے لیے ان کے پاس آیا کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی رہنما مقبول ہو بھی جائے، تو اسے یہ حق حاصل نہیں کہ وہ سکیورٹی تنصیبات پر حملے کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے، مگر بعد میں آنے والی حکومتوں نے قابل افسوس پالیسیاں اپنائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے سرحدیں کھول دیں اور 100 سے زائد مجرموں کو رہا کیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ان اقدامات کے باعث 30 سے 40 ہزار طالبان دوبارہ پاکستان میں داخل ہوئے اور منظم ہو گئے، جو ایک نہایت افسوسناک فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے سرحدیں ہرگز نہیں کھولنی چاہیے تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.