عمران خان کے عزیزوں سے خطرات، جمائمہ نے قاسم اور سلیمان کو ایک مرتبہ پھر پاکستان جانے سے روک دیا

0

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے امریکا سے واپس لندن بلا لیا ہے اور ایک بار پھر انہیں پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عمران خان کی بہنوں اور قریبی رشتہ داروں کی طرف سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، نہ کہ پاکستانی ریاستی اداروں کی جانب سے۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جمائما کو تحریک انصاف کے کچھ ایسے افراد کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے جن سے ان کے ذاتی مراسم ہیں۔ ان پیغامات میں خبردار کیا گیا کہ قاسم اور سلیمان کو اصل خطرہ عمران خان کی بہنوں سے ہو سکتا ہے، جنہوں نے نہ تو جمائما کو کبھی بہو تسلیم کیا اور نہ ہی ان کے بچوں سے کبھی کوئی جذباتی وابستگی ظاہر کی۔

امریکا میں قاسم اور سلیمان کے ساتھ برتی گئی سرد مہری نے پاکستان میں تحریک انصاف کی قیادت کو شدید مایوس کیا ہے۔ پارٹی کو توقع تھی کہ امریکی پی ٹی آئی، امریکی حکومت اور روایتی حمایت یافتہ لابیز ان کا خیرمقدم کریں گی، مگر ایسا نہ ہوا۔ اس صورتحال کے بعد پی ٹی آئی امریکا کے مختلف گروپوں میں ایک دوسرے پر دورے کی ناکامی کا الزام لگانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپنی رہائی کے لیے جو تحریک 5 اگست تک اپنے عروج پر پہنچانے کی ہدایت دی تھی، وہ اب دن بہ دن غیر یقینی کا شکار ہو رہی ہے۔ قاسم اور سلیمان کی ممکنہ پاکستان آمد سے وابستہ امیدیں بھی دم توڑ چکی ہیں، جس سے پارٹی رہنما شدید بددلی کا شکار ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر مرکزی عہدیداروں کے بیانات سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ نہایت مایوسی کا شکار ہیں، اور انہیں یہ خدشہ لاحق ہے کہ وفاق اور صوبوں میں پارٹی کے کئی ارکانِ اسمبلی آئندہ چند دنوں میں گرفتار ہو سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.