تحریک تحفظ آئین پاکستان اور تحریک انصاف کی مشترکہ پریس کانفرنس، اے پی سی بلانے اور احتجاج کا اعلان

0

**اسلام آباد:** تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، شفاف انتخابات اور عام شہری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک نئی سیاسی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں ایک سنجیدہ قومی جدوجہد کے لیے بڑے اتحاد کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اتحاد کسی تماشے یا وقتی فائدے کے لیے نہیں، بلکہ آئین، قانون اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کیا جا رہا ہے۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد بعض حلقوں کو ہضم نہیں ہو رہا، لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ ہم غیر جانبدار الیکشن کمیشن، آئین کی حکمرانی، اور عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ جس جماعت نے سب سے زیادہ عوامی حمایت حاصل کی، اُسی کے ساتھ سب سے زیادہ ناانصافی ہو رہی ہے۔ بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت صرف چنندہ افراد کو دی جاتی ہے جبکہ ان کی بہنوں کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔

اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی فوجی یا ادارے کے خلاف نہیں، مگر ہر فرد کو آئینی دائرے میں رہ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا: "نہ ہم گالی دے رہے ہیں، نہ ڈنڈا مار رہے ہیں، ہم صرف آئین کی بات کر رہے ہیں۔”

انہوں نے اعلان کیا کہ 31 جولائی اور یکم اگست کو ایک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کی جائے گی، جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ موجودہ سیاسی و آئینی بحران کا سنجیدگی سے حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اب بھی حالات کو سنبھالا نہ گیا تو بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔

پریس کانفرنس میں موجود ممتاز وکیل اور پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، مگر اس جماعت سے وابستگی کی بنیاد پر اس کے رہنماؤں کو 10، 10 سال کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں، جو انصاف کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادیِ اظہار پر پابندیاں عائد ہیں، لوگ نہ بول سکتے ہیں نہ آزادانہ گھوم سکتے ہیں، اور بانی تحریک انصاف گزشتہ دو سال سے قید میں ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے زور دیا کہ شفاف ٹرائل ہر شہری کا آئینی حق ہے، اور عمران خان سمیت تمام قیدیوں کو یہ حق ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کسی ایک فرد سے بڑا ہے، اور یہ تحریک صرف پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اس تحریک میں شامل ہو چکے ہیں اور اس کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے۔

آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ **5 اگست کو ملک گیر احتجاج** کیا جائے گا تاکہ قوم کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ آئین، انصاف اور جمہوریت کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا: "یہ قوم کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے، اور اب ہم یہ مذاق مزید برداشت نہیں کریں گے۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.