پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے
پشاور: سینیٹ کی نشستوں کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق، مردان سے تعلق رکھنے والے حکومتی رکن طارق محمود آریانی نے سینیٹ امیدوار عرفان سلیم کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں نے عرفان سلیم کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ ہار یا جیت سے قطع نظر، میں آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اپوزیشن کو اضافی نشستیں دے کر 27ویں آئینی ترمیم کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایم پی اے شکیل خان بھی پہلے ہی عرفان سلیم کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما خرم ذیشان نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو پیغام میں واضح کیا تھا کہ سینیٹ انتخابات سے معاملہ بہت آگے نکل چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "عمران خان جن سے بات نہیں کرنا چاہتے، ان کے ساتھ کسی قسم کا گٹھ جوڑ ہمیں منظور نہیں۔”
خرم ذیشان نے مزید کہا، "اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی مصلحتوں، مفاہمتوں اور بندر بانٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائے، اور ہمارا انتخاب ہمیشہ مزاحمت ہی ہوگا۔”
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ "نہ جھکیں گے، نہ دستبردار ہوں گے۔ ہمیں سیاسی مفاہمت قبول نہیں، ہم سیاست نہیں بلکہ جہاد کر رہے ہیں۔ نشستیں اور سیاست بھاڑ میں جائیں، ہم اصول پر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "مجھے دستبردار کروانے کے لیے لالچ اور دھمکیوں سے باز رہا جائے۔”
