صدر کے استعفیٰ یا آرمی چیف کے صدارت سنبھالنے کا کوئی امکان نہیں، وزیر داخلہ

0

اسلام آباد: سوشل میڈیا پر صدر مملکت کے استعفے اور آرمی چیف کی صدارت سنبھالنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں من گھڑت، گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

محسن نقوی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں واضح کیا کہ صدر آصف علی زرداری کے مستعفی ہونے کی نہ کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے اس عہدے میں کوئی دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کا صدر بننے کا نہ کوئی ارادہ ہے، نہ خواہش اور نہ ہی اس بارے میں کوئی سنجیدہ تجویز موجود ہے۔ وزیر داخلہ نے صدر مملکت کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری اس افواہ کے محرکات، مقاصد اور پس پردہ عناصر سے بخوبی آگاہ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ صدر مملکت اور مسلح افواج کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، جب کہ آرمی چیف کی تمام تر توجہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی پر مرکوز ہے۔

وزیر داخلہ نے اس مہم کو پاکستان کے خلاف غیر ملکی ایجنسیوں کی ممکنہ سازش قرار دیا، جن کا مقصد سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کر کے ملک میں سیاسی انتشار اور داخلی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

محسن نقوی نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے مکمل طور پر متحد اور پرعزم ہیں کہ وہ ایسے جھوٹے پروپیگنڈے اور بدنیتی پر مبنی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور پاکستان کے استحکام اور خودمختاری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.