پاکستان نیوی اور ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس (ساؤتھ زون بلوچستان) نے ایک کامیاب مشترکہ انسداد منشیات آپریشن میں بڑی مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد کر لی۔ کارروائی گڈانی کے ساحلی علاقے میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے انجام دی گئی۔
حکام کے مطابق، برآمد کی گئی شراب غیر قانونی طور پر سمندری راستے سے پاکستان لائی جا رہی تھی اور اس کی مالیت تقریباً 350 ملین روپے بتائی گئی ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ملک کی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مسلسل نگرانی اور مؤثر کارروائیوں کا حصہ ہے، جو بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان نیوی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مستقبل میں بھی سمندری راستوں سے منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے۔