ایزی پیسہ فراڈ میں ملوث لڑکا لڑکی کا نوسرباز جوڑا گرفتار

0

سوات: ایزی پیسہ اور دیگر آن لائن طریقوں سے فراڈ کے ذریعے سینکڑوں شہریوں کو لوٹنے والے پیشہ ور نوسرباز لڑکا اور لڑکی کو خوازہ خیلہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق، گرفتار جوڑے کے موبائل فونز سے 100 سے زائد فیک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے متعدد موبائل کمپنیوں کے سم کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں فراڈ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس فراڈیہ جوڑے نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صرف سوات میں 47 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا۔ ان کا طریقہ واردات انتہائی چالاکی سے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں ایزی پیسہ کے ذریعے شناختی کارڈ نمبر کا ایک ہندسہ غلط درج کرکے دکانوں، پٹرول پمپس اور میگا مارٹس کو رقم منتقل کی جاتی، اور بعد ازاں اصل شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے رقم کو چند گھنٹوں بعد ریورس کروا لیا جاتا۔

سوات پولیس کو اس حوالے سے مختلف علاقوں سے سینکڑوں شکایات بمعہ ثبوت موصول ہو چکی تھیں، جس کے بعد پولیس نے خوازہ خیلہ میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے FIR درج کر لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کے حوالے سے بھی اہم شواہد سامنے آئیں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی مشکوک لین دین کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ اس دھوکہ دہی کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.