
کراچی میں خسرہ پھر زور پکڑ گیا، سرکاری ہسپتالوں میں درجنوں بچے داخل کرادیے گئے، سندھ انفیکشس ڈیزیزز ہسپتال نیپا کا ائسولیشن وارڈ مریضوں سے بھرگیا۔
کراچی خسرہ کے کیسز میں پھر تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ سے متاثرہ درجنوں بچے داخل کرائے جاچکے ہیں۔
سندھ انفکشس ڈیزیزز ہسپتال کا آئسولیشن وارڈ مریضوں سے فُل ہوگیا، ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ 17 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 8 بچے ایک سال سے کم عمر کے ہیں۔
قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں بھی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور یومیہ 6 سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہوکر ایمرجنسی میں پہنچ رہے ہیں اور روزانہ خسرہ کے 8 سے 10 کیسز رپوٹ ہورہے ہیں۔
سول اسپتال کراچی میں بھی روزانہ خسرہ کے 4 سے 6 نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ 12 مریض سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ عباسی شہید اسپتال میں بھی خسرہ کے 6 مریض ایڈمٹ ہیں، قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن میں رواں سال اب تک خسرہ کے 12 بچے رپورٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ خسرہ ایک وبائی مرض ہے جو زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتا ہے، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچے اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں، نزلہ، زکام کھانسی اور خارش خسرہ کی ابتدائی علامت ہیں، خسرہ قوت مدفعت کو بری طرح متاثر کرتا ہے اور شدت اختیار کرنے پر جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے۔