پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریے، IPSOS کنزیومر کنفیڈنس سروے 2025 جاری

0

اسلام آباد: عالمی سطح پر معروف تحقیقی ادارے IPSOS کے تازہ ترین کنزیومر کنفیڈنس سروے 2025 نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت اشارے پیش کیے ہیں۔ سروے کے نتائج نے ملک کی اقتصادی سمت کو درست قرار دیتے ہوئے عوام کے پرامید ہونے کی شرح کو 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے 31 فیصد عوام کا اعتماد ہے کہ ملک صحیح سمت پر گامزن ہے، جو کہ 2023ء کے مقابلے میں ایک نمایاں بہتری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگست 2024ء میں یہ اعتماد صرف 11 فیصد تھا، جبکہ ستمبر 2023ء میں یہ شرح صرف 2 فیصد تھی۔

سروے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک کے چاروں صوبوں میں معاشی بہتری دیکھنے کو ملی ہے، جس سے شہری اور دیہی علاقوں میں ایک نیا اعتماد پیدا ہوا ہے۔ اس سال عوام میں معاشی خدشات کے حوالے سے نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جسے 2025ء کے حوالے سے حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق، افراط زر کی شرح میں 18 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، جو کہ 4 سالوں میں سب سے کم ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستانی عوام کی جانب سے ملکی معیشت کو مضبوط قرار دیے جانے کی شرح میں 500 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ معاشی حالات میں بہتری کے باعث، ایک سال کے دوران گھریلو خریداری میں سکون کی شرح 3 گناہ بڑھ گئی ہے۔

2025ء میں مقامی معاشی حالات میں پرامیدی کی شرح 31 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو کہ ایک نمایاں بہتری ہے۔ اسی طرح، ذاتی مالی حالات کے بارے میں عوامی امید اگست 2024 کے بعد مسلسل بڑھ رہی ہے، اور ہر پانچ میں سے ایک پاکستانی اگلے 6 ماہ میں بہتری کی توقع کر رہا ہے، جو کہ مئی 2024 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

ملازمت کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی عوامی اعتماد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ پاکستان کی عالمی کنزیومر کنفیڈنس انڈیکس میں درجہ بندی میں بھی 2.7 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ عالمی سطح پر ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔

سروے کے نتائج میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں ہونے والی یہ بہتری عالمی سطح پر ممکنہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے، جس سے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور قابل اعتماد ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان کی عالمی اوسط کے قریب پہنچتے ہوئے امید اور اعتماد کے حوالے سے شرح 37 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے، جو کہ اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستانی عوام اور عالمی سرمایہ کاروں میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں اعتماد اور امید کا گراف بلند ہو رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.