کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کامسئلہ کشمیر کی صورتحال ،بھارتی میڈیا کی من گھڑت رپورٹنگ پر تحفظات کا اظہار

0

 

اسلام آباد (محمد شہباز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی میڈیا کی جانب سے کی جانے والی من گھڑت رپورٹنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے اسلام آباد میں اپنے صدر دفتر میں مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر، اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ساتھ ایک طویل غیر رسمی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

غیر رسمی سیشن کا آغاز حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد نے کیا۔ انہوں نے سیشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی حکمرانوں کی جانب سے کرائے جانے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت کا کارپوریٹ میڈیا جو کہ بھارتی حکومت کے زیر اثر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی صورتحال کو دنیا سے چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹنگ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، مگر عالمی برادری بھارتی اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں ضرورت ہے کہ پاکستان کے مین اسٹریم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں کا پردہ چاک کرے۔ صحافیوں کو مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر پرائم ٹائم میں۔

حریت قائدین نے تسلیم کیا کہ میڈیا محاذ پر مطلوبہ کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی، تاہم انہوں نے سوشل میڈیا اور ویب سائٹ کے ذریعے اپنے پیغام کو پھیلانے پر زور دیا۔ ایڈوکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ حریت کانفرنس نے تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لیے مختلف شہروں میں پروگرام شروع کیے ہیں اور جلد گلگت بلتستان میں بھی مہم شروع کی جائے گی۔

غیر رسمی سیشن کے دوران صحافیوں نے مسئلہ کشمیر کو ابلاغی محاذ پر بہتر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تجاویز دی، جنہیں سراہا گیا۔ حریت قائدین نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند قیادت اور خواتین کی قید کی وجہ سے روابط میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، مگر مقید قیادت کے ساتھ روابط بحال ہو چکے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ 16 ستمبر کو ایک بھرپور پریس کانفرنس کا انعقاد کرے گی، جس میں بھارتی انتخابات کی حقیقت کو بے نقاب کیا جائے گا اور عالمی برادری کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ حریت قائدین نے کشمیر میڈیا سروس (KMS) اور اس کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کے کردار کی بھی تعریف کی، جو 05 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

غیر رسمی پریس بریفنگ میں کشمیر جرنلسٹس فورم (KJF) کے سربراہ راجہ خاور نواز، یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن "یکجا” کے صدر عبدالطیف ڈار، اور کشمیر بیٹ رپوٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ اصغر حیات کے علاوہ دیگر حریت رہنما بھی شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.