بنگلہ دیش شدید مظاہروں،پرتشدد احتجاج کے بعد حسینہ واجد نے استعفیٰ دیدیا ،عوام کا جشن
ڈھاکہ (نیوزڈیسک)بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے سرکاری ملازمتوں کیلئے کوٹہ سسٹم کیخلاف ہونے والے شدید مظاہروں اور پرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے استعفیٰ دیدیا اور وہ ڈھاکا میں اپنی رہائش گاہ سے بھارت پہنچ گئیں جبکہ بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی سربراہ کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حسینہ واجد اور ان کی بہن گنابھابن (وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ) سے بھارت چلی گئی ہیں، حسینہ واجد تقریر ریکارڈ کرنا چاہتی تھی تاہم انہیں ایسا کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کو مخلوط حکومت کے ذریعے چلایا جائے گا، عوام کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔
بنگلہ دیشی آرمی چیف نے مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان بھی کیا اور جنرل وقارالزمان نے کہا کہ عوام فوج پر بھروسہ رکھیں، حالات بہتر ہوجائیں گے، ہم بنگلہ دیش میں امن واپس لائیں گے۔
دریں اثناء مظاہرین نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا، جنہیں قابو کرنے کے لیے سڑکوں پر پولیس اور فوج کی بڑی تعداد موجودتھیں۔بنگلہ دیشی میڈیا نے دارالحکومت میں وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ میں دوڑتے ہوئے ہجوم کی تصاویر نشر کیںجو جشن منا رہے تھے۔
بنگلہ دیشی صحافی یاسر عرفات نے بتایا کہ گنابھابن محل کے اندر 1500 سے زیادہ افراد موجود تھے، وہ فرنیچر اور شیشے توڑ رہے تھے۔اس سے قبل میڈیا کے مطابق وزیر اعظم کے قریبی معاون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صورتحال ایسی ہے کہ یہ بھی ایک امکان ہے، لیکن میں نہیں جانتا کہ یہ کیسے ہوگا؟ان قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ وہ محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے ڈھاکا محل سے روانہ ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:شیخ حسینہ کے مستعفی ہوتے ہی بنگلادیش میں جشن
مزید پڑھیں:بھارت شیخ حسینہ واجد کو پناہ دینے کیلئے تیار
دوسری جانب بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے صاحبزادے نے ملکی سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ ان کی والدہ کے اقتدار پر کسی بھی طرح کے قبضے کی کوشش کو روکیں۔امریکا میں مقیم صجیب وازید جوئی نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ ہم اپنے لوگوں اور ہمارے ملک کو محفوظ رکھیں اور آئین کو برقرار رکھیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی غیر منتخب حکومت کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہ آنے دیں، یہ آپ کا فرض ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے پر ملک بھر میں جشن کا سماں دیکھاگیا۔رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے پر بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی سڑکوں پر مظاہرین نے جشن منا یا۔
رپورٹ کے مطابق ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق طْلبہ اپنے خاندان والوں کے ساتھ سڑکوں پر جشن منا رہے تھے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 300 ہو گئی ہے۔
