آج 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک) بھارتی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے واقعے کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔

5 اگست 2019 کو تاریخ کے سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جاتاہے،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم ہوئے آج پانچ سال مکمل ہو گئے ہیں ،لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منا رہے ہیں۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں:کشمیری لوگ کبھی بھی بھارتی قبضے کو تسلیم نہیں کریں گے،شیری رحمٰن

دوسری جانب یوم استحصال کے موقع پر مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے باہمت عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فوجی سربراہان اور مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور فوجی محاصرہ کے اقدامات قابل مذمت ہیں، مقبوضہ علاقہ میں آبادیاتی ساخت میں غیرقانونی تبدیلی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ غیرمنصفانہ اقدامات اور بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن واستحکام تنازع کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے وابستہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شہدا کی غیرمعمولی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر غیرمتزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ بھارت نے طاقت کے ذریعے آج ہی کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جسے کشمیریوں نے مسترد کردیا ، بھارت نے 05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل فوجی چھاؤنی میں تبدیل کیا۔

بھارتی فوج کی بربریت سے 5سال کے دوران 907 کشمیری شہید، 2400 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 24 ہزار کو گرفتار بھی کیا گیا۔

کشمیری عوام کی طرح پاکستان کا بھی عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم کا نوٹس لیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.