گلگت بلتستان

پی آئی اے کی پروازوں کی غیر معمولی تاخیر اور منسوخی پر وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف کو خصوصی مراسلہ تحریر

گلگت (نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پی آئی اے کی پروازوں کی غیر معمولی تاخیر اور منسوخی پر وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف کو خصوصی مراسلہ تحریر کیا ہے۔

مراسلے میں وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کے بے ہنگم شیڈول، غیر معمولی تاخیر اور بلاجواز مسلسل پروازوں کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کی غیر ذمہ دارانہ رویے سے اس اہم ادارے کا ساکھ متاثر ہورہا ہے۔

فضائی سفری سہولت ذرائع نقل و حمل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کا سیزن عروج پر ہے۔ ملکی اور بین الاقوامی سیاح بڑی تعداد میں اس موسم میں قدرتی حسین مناظر دیکھنے اور کوہ پیمائی کے غرض سے گلگت بلتستان کا رخ کرتے ہیں جس سے مقامی لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اور ملکی سطح پر بھی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ پی آئی اے کے پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے سیاحت کا شعبہ متاثر ہورہا ہے جس کے منفی نتائج اور بین الاقوامی سطح پربھی منفی تاثر دیکھا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فضائی سروس کی عدم دستیابی اور غیر معمولی تاخیر سے گلگت بلتستان کے عوام خصوصاً مریض، ضیف العمر شہری، طالب علم بنیادی سفری سہولت سے محروم ہیں۔ حکومتی سطح پر بھی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں صوبے کی نمائندگی میں شرکت کیلئے اسلام آباد آنے میں مشکلات کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بحیثیت وفاقی وزیر ہوا بازی آپ فضائی سروس میں غیر معمولی تاخیر اور پروازوں کی مسلسل منسوخی کے سلسلے کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے تاکہ عوام، سیاح اور حکومتی سطح پر درپیش مشکلات کو حل کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button