دودھ کی دوکانیں لٹ رہی ہیں،پولیس خاموش تماشائی بنی ہے،مظفر ہاشمی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد فریش ملک ایسوسی ایشن کے صدر مظفر ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اس وقت ڈاکو راج قائم ہے،روز دودھ کی دوکانیں اور گاڑیاں لٹ رہی ہیں مگر پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،گزشتہ ایک ہفتے میں غوری ٹاؤن،برما ٹاؤن،بہارہ کہو میں درجنوں دوکانیں،گاڑیاں لٹ چکی ہیں ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر لے گئے مگر اب تک قانون نافذ کرنے والے ادراروں کی گرفت سے دور ہیں۔
نئے آئی جی اسلام آباد تاجروں کیلئے بلاخوف کاروبار کو یقینی بنائیں اور ڈاکوؤں کے قلع قمع کیلئے سخت آپریشن کریں۔مظفر ہاشمی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تاجر آئے روز ڈکیتیوں کی وجہ سے خوف کا شکار ہو چکے ہیں۔
مہنگائی نے پہلے ہی کاروبار تباہ کر دئیے ہیں جو تھوڑے بہت کام چل رہے ہیں وہ ڈکیتیوں کے ڈر سے خوف کا شکار ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ اس کا نوٹس لیں اور اسلام آباد کو کرائم فری دارالحکومت بنانے کیلئے سخت اقدامات کریں۔