حنا خواجہ بیات اور عثمان خالد بٹ نے ووٹ کاسٹ کردیا
ملک بھر میں آج عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے، اداکارہ حنا خواجہ بیات اور اداکار عثمان خالد بٹ نے ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔
حنا خواجہ بیات نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللہ میں نے اپنا ووٹ ڈال دیا ہے، آپ بھی بغیر کوئی وقت ضائع کیے اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ ساتھ لے کر اپنے پولنگ اسٹیشن پر فوراً ووٹ کاسٹ کریں کیونکہ ہر جگہ کسی نہ کسی وجہ سے پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار کیا جارہا ہے تاکہ ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہو، آپ اپنا فرض ادا کریں باقی اللہ پر چھوڑ دیں۔
حنا بیات خان نے دعویٰ کیا کہ 8 بجے سے شہری لائن پر لگے ہوئے تھے لیکن ووٹنگ شروع نہیں ہورہی تھی، عملہ اور پریزائڈنگ افسر موجود تھے لیکن کچھ پولنگ ایجنٹس نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ شروع نہیں کروا رہے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر پریزاڈنگ افسر سے بات کی اور یقینی بنایا کہ وہاں موجود لوگ ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
اس کے علاوہ اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔
اداکار نے ایکس پر اپنی تصویر شئیر کی جس میں وہ ووٹ ڈالنے کے بعد انگوٹھے پر لگا نشان دکھا رہے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر ڈیجیٹل واچ اور موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے، اگر آپ نے 8300 پر بھیجی گئی تفصیلات پرنٹ نہیں کیں تو پولنگ اسٹیشن میں اندر جانے سے قبل اپنا بلاک کوڈ اور سیریل نمبر یاد رکھیں یا کسی جگہ پر لکھ لیں۔