مالٹا سے تعلق رکھنے والے مشہور چاکلیٹیئر اینڈریو فروجیا نے دنیا کے طویل ترین چاکلیٹ مجسمے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
انہوں نے مالٹا کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اسٹڈیز کے طلبہ کے ساتھ مل کر 55.27 میٹر لمبی چاکلیٹ ٹرین تیار کی۔ اس ٹرین میں ایک پرانا بھاپ سے چلنے والا انجن اور چاکلیٹ سے بنی 22 بوگیاں شامل تھیں، جن میں سے ہر بوگی کا وزن تقریباً 160 کلو گرام تھا۔
پاکستان ریلویز کی ڈیجیٹلائزیشن حکمت عملی پارلیمان میں پیش کردی گئی
یہ طویل ترین چاکلیٹ مجسمہ اس سال کے ونٹر اولمپک گیمز سے قبل میلان میں پیش کیا گیا۔ اس منصوبے کی منصوبہ بندی میں تقریباً ایک سال لگا، جبکہ فروجیا نے گزشتہ سال اکتوبر میں اس پر عملی کام شروع کیا۔ انہوں نے پہلے ٹرین کے ہر حصے کے مٹی سے ماڈل تیار کیے۔
اٹلی کے شہر برگامو میں تقریباً 5 ہزار چاکلیٹ کے الگ الگ ٹکڑے کاٹے اور تراشے گئے۔ بعد ازاں انہیں پلاسٹک میں لپیٹ کر احتیاط سے میلان منتقل کیا گیا، جہاں فروجیا کی ٹیم نے کئی دن تک محنت کر کے انہیں جوڑا۔
اینڈریو فروجیا نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ اس مجسمے میں تقریباً 5 ہزار ٹکڑے تھے اور صرف بوگیوں کے لیے ہی تقریباً 180 پہیے بنائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ریکارڈ کے ذریعے وہ اپنے ادارے، اپنے ملک اور اپنے خاندان کے لیے ایک یادگار چھوڑنا چاہتے تھے۔