گندم سبسڈی کا معاملہ، سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت ، گندم سبسڈی کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی نشست کا دوسرا سیشن

گلگت(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر خوراک و سیاحت غلام محمد کی زیر صدارت گندم سبسڈی کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی نشست کے دوسرے سیشن میں صوبائی وزراء،معاونین خصوصی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صوبائی حکومت کی جانب سےصوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون،وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا،وزیر سوشل ویلفیئر و امور نوجوانان دلشاد بانو،ممبر گلگت بلتستان اسمبلی فتح اللہ خان، مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان،معاونین خصوصی ایمان شاہ،مولانا سرور شاہ،حسین شاہ،ذبیح اللہ،،سیکریٹری فوڈ عثمان احمد،ڈائیریکٹر فوڈ محمد اکرم و دیگر شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے زمہ داران میں یعسوب الدین،فدا علی،کوثر حسین،مسعود الرحمن،غلام عباس،رحمت اللہ،و دیگر شریک شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر خوراک غلام محمد اور سیکریٹری خوراک عثمان احمد نے اجلاس کو گندم ایشو پر تفصیلی بریفنگ دی اور صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی سطح پر رابطوں سمیت شفاف ترسیل و تقسیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صوبائی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی نے گندم ایشو کے پائیدار حل کیلئے مشاورت تیز کرنے سمیت گندم سبسڈی کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے خطے کے وسیع تر مفاد میں حل کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا۔