پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس ناکے کے قریب خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔
جمعے کو یہ خودکش دھماکہ سیکٹر آئی ٹین فور میں پولیس کی تلاشی کے دوران ہوا۔ اسلام آباد پولیس نے دھماکے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پولیس اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا تو گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو اڑا دیا۔‘ان کے بقول ’مشکوک ٹیکسی گاڑی میں ایک خاتون اور ایک مرد سوار تھے۔ گاڑی کو روکا گیا اور دونوں کو باہر نکالا گیا۔ ابھی مرد کی تلاشی لی جا رہی تھی کہ خاتون نے واپس گاڑی میں جا کر بٹن دبایا اور دھماکے سے خود کو اڑا دیا۔‘
ان کے مطابق ’اس کی وجہ سے دونوں حملہ آور ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار عدیل حسین جان سے گیا۔‘ ڈی آئی جی کے مطابق دھماکہ وی بی آئی ڈی (وہیکل بیس ایکسپلوسیو ڈیوائس) سے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے بیان کے مطابق ’دھماکے میں اہلکار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال زخمی ہوئے جنہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘